اسلام آباد : گلگت بلتستان میں واقع نلتر کی خوبصورت وادی میں پاکستان بھر سے آنے والے پرجوش اسکئیرز کی آمد کے ساتھ ہی آج سے سرمائی کھیلوں کا آغاز ہو گیا۔نقطہ انجماد سے کم درجہ حرارت میں پی اے ایف اسکی ریزورٹ نلترمیں منعقد ہونے والے ان مقابلوں کا آغاز 15ویں شاہ خان الپائن اسکی کپ سے ہوا جس میں پاک فضائیہ کے اسکئیرز نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ تمغے جیت کر میدان مار لیا۔ سلالم کیٹیگری میں تینوں پوزیشنز پاک فضائیہ کے اسکئیرز نے حاصل کیں جن میں نوید نے طلائی جبکہ اشتیاق اور اشفاق نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے۔ جائنٹ سلالم کیٹیگری میں بھی پاک فضائیہ کے اسکئیرز چھائے رہے۔ اشتیاق اور اشفاق نے طلائی اور چاندی کے تمغے جیتے جبکہ کانسی کا تمغہ سوات سے تعلق رکھنے والے احسن نے حاصل کیا۔
پاک فضائیہ اور ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے زیرِ اہتمام ہر سال منعقد ہونے والے ان سرمائی کھیلوں میں ملک بھر سے 100 سے زائد اسکئیرز شرکت کر رہے ہیں۔ شرکت کرنے والی ٹیموں میں پاک فضائیہ، پاک آرمی، گلگت بلتستان اسکاوٗٹس، سوات، پنجاب، بلوچستان، سندھ، آزاد جموں وکشمیر، اسلام آباد، ہائیر ایجو کیشن کمیشن، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور الپائن کلب شامل ہیں جن کے کھلاڑی الپائن اسکینگ، اسنو بورڈنگ، آئس ہاکی اور آئس اسکیٹنگ جیسے سرمائی کھیلوں میں حصہ لیں گے۔
پاک فضائیہ اور ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان ہر سال باقاعدگی سے ان کھیلوں کا انعقاد کرتی ہے تاکہ ملک میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے ساتھ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کی برف پوش وادیوں میں سیاحت کے مواقع بھی فراہم کئے جا سکیں۔